کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی افغان دارالحکومت کابل جانے والے پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئی ہیں، نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق کابل ایئرپورٹ پر ملک چھوڑ کر جانے والوں کا رش ہے جبکہ ایئرپورٹ پرسکیورٹی اہلکار بھی موجود نہیں ہیں جس کی وجہ سے مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر سکیورٹی عملے کے نہ ہونے کے ساتھ ساتھ امیگریشن اور سامان کی چیکنگ کے لئے عملہ بھی موجود نہیں ہے جو مسافروں کے لئے پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔پی آئی اے نے 3 پروازوں کے ذریعے پاکستانیوں کوواپس لانا تھا۔
خیا ل رہے کہ کابل کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر پی آئی اے نے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کو نکالنے کیلئے فلائٹ آپریشن میں اضافہ کیا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 پروازوں کے ذریعے مجموعی طور پر 900 کے قریب پاکستانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کا کابل سے انخلا کیا جائے گا۔