وزیرِ خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ گندم، چینی، تیل، گھی، سبزیوں اور دالوں کے ذخائر بڑھائے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء، مشیروں اور معاونین سمیت صوبائی چیف سیکرٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
سیکریٹری خزانہ نے نیشنل پرائس کمیٹی کو مہنگائی کے رجحان پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.12 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس میں گذشتہ ہفتے 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔
سیکریٹری خزانہ نے اجلاس میں چینی، تیل، آٹا، پیٹرول اور ڈیزل کی عالمی اور مقامی قیمتوں کا تقابلہ پیش کیا اور ان کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں سالانہ بنیادوں پر چینی 44.4 فیصد، پام آئل 52.3، سویا بین آئل 78.8 اور گندم 18 فیصد مہنگی ہوئی جبکہ مقامی مارکیٹ میں سالانہ بنیادوں پر چینی 19.33 فیصد، پام آئل 27.25، سویا بین آئل 29.40 اور گندم 11.77 فیصد مہنگی ہوئی ہے۔
بریفنگ میں یہ بھی کہا گیا کہ عالمی سطح پر خام تیل 73.8 فیصد مہنگا جبکہ مقامی سطح پر ٹیکسز کم کئے گئے ہیں۔
اجلاس میں سیکرٹری فوڈ سکیورٹی نے گندم کے دستیاب وافر ذخائر پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔
وزیرِ خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ طلب اور رسد بہتر بنانے کیلئے ضروری اشیاء مارکیٹ میں لائی جائیں اور قیمتوں کے کنٹرول کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔