کاروباری ہفتے کے پہلے روز اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے بعد مثبت رجحان دیکھا جارہا ہے۔۔کاروباری دن کے دوران اسٹاک انڈیکس میں تقریبا 300 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جس کےبعداسٹاک مارکیٹ انڈیکس 44561 پوائنٹس پر ٹریڈ کررہا تھا۔ تاہم کچھ دیر بعد انڈیکس میں 14 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
تجزیہ کار رضا جعفری کے مطابق کاروباری دن کے آغاز میں پینڈورا پیپرز کی خبر کے باعث انڈیکس میں 300 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی تھی تاہم کچھ دیر میں اسٹاک مارکیٹ 100 انڈیکس میں ریکوری دیکھی گئی۔ تجزیہ کار کے مطابق اس خبر کا اسٹاک مارکیٹ پر کوئی بہت زیادہ اثرہونے کا امکان بظاہر نظرنہیں آرہا جتنا پانامہ لیکس کے کیس کے وقت آیا تھا جب اس وقت کے وزیراعظم نوازشریف کو اپنے عہدے سے دست بردار ہونا پڑا تھا،لیکن سرمایہ کار کچھ محتاط ضرور ہیں کہ آیا انہیں شئیرز کی خریدوفروخت کرنی چاہئیے یا نہیں۔
تجزیہ کار عدنان سمیع شیخ کے مطابق سیاسی خبر کا اثر اسٹاک مارکیٹ پر تھوڑا بہت ضرور آیا ہے لیکن 300 پوائنٹس کی تنزلی کے بعد اسٹاک مارکیٹ انڈیکس میں کچھ پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے اور امید ہے کہ اس میں مزید بہتری آئے گی