اسٹاک مارکیٹ میں شدیدمندی، انڈیکس 6ماہ کی کمترین سطح پر

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز شدید مندی دیکھی گئی، کے ایس ای 100 انڈیکس 6 ماہ کی کم ترین سطح 43 ہزار 839 پوائنٹس پر بند ہوا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو شدید مندی رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 647 پوائنٹس کی کمی سے 43 ہزار 839 پوائنٹس کی سطح پر آگیا جو گزشتہ 6 ماہ کی کم ترین سطح ہے۔

ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر انڈیکس 43 ہزار 720 پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا۔ مندی کے باعث مارکیٹ کے سرمایہ کاری حجم میں ایک دن میں ایک کھرب 8 ارب 16 کروڑ 49 لاکھ روپے کی کمی ہوئی۔

اسٹاک ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 80 ڈالر کی بلند سطح سے تجاوز کرگئی ہے، جس سے پاکستان کے درآمدی بل کے بڑھنے کا خدشہ ہے، اس کے علاوہ پاکستان کے آئی ایم ایف سے مذاکرات ہونے جارہے ہیں، جس میں بجلی، گیس پر سبسڈی ختم کرنے اور ٹیکس اضافے کے حوالے سے عالمی ادارے کے مطالبات سامنے آنے کا امکان ہے۔

جس کی وجہ سے ٹریڈنگ کے شروع سے ہی سرمایہ کاروں نے محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے مارکیٹ میں سرمایہ کاری کے بجائے سرمایہ نکالنے کو ترجیح دی جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھی مجموعی طور پر 40 لاکھ ڈالر سے زائد کا سرمایہ نکالا گیا۔

اسٹاک مارکیٹ رپورٹ کے مطابق پیر کو 548 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا جن میں 470 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں گرگئیں اور صرف 61 کمپنیوں کے شیئرز کے نرخ میں اضافہ ہوا جبکہ 17 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ورلڈ کال ٹیلی کام، ٹیلی کارڈ، ٹریٹ کارپوریشن اور ٹی آر جی کارپوریشن، یونٹی فوڈز اور بائیکو پیٹرولیم کے شیئرز کا مندی میں سب سے زیادہ حصہ رہا۔

سب سے زیادہ کمی نیسلے پاکستان اور سسٹمز لمیٹڈ کے شیئرز میں دیکھنے میں آئی، نیسلے کے شیئر کی قیمت 196.50 روپے اور سسٹمز کے شیئر کی قیمت میں 35 روپے کی کمی ہوئی.

اپنا تبصرہ بھیجیں