اسلام آباد: کورونا کیسز میں اضافہ، انڈور ڈائننگ پر پابندی عائد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی وبا کورونا وائرس کی شدت میں اضافے کے باعث انتظامیہ نے تمام طرح کی انڈور ڈائننگ پر پابندی عائد کر دی۔

اس ضمن میں جاری نوٹی فکیشن کے مطابق کل سے اسلام آباد میں تمام انڈورز ڈائننگ پر مکمل طور پر پابندی ہوگی۔

اسلام آباد انتظامیہ نے اس سے قبل 24 جنوری سے انڈور ڈائننگ پر پابندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں 24 گھنٹوں کے اندر ایک ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈی ایچ او اسلام آباد کے حوالے سے بتایا ہے کہ صرف ایک دن میں کورونا کے 1131 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے تحت شادیوں کی تقاریب سے متعلق پابندیاں 15 فروری تک جاری رہیں گی البتہ اسلام آباد میں ٹیک اوے کو 24 گھنٹے سروس فراہم کرنے کی اجازت ہوگی۔

انتظامیہ نے تمام جمز کو 50 فیصد مکمل ویکسی نیشن والے افراد کے ساتھ کھلے رہنے کی اجازت دی ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ کے مطابق سینما گھروں کو بھی 50 فیصد مکمل ویکسی نیشن والے افراد کے ساتھ کھلے رہنے کی اجازت ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں