ارجنٹائن کے بعد آذربائیجان نے بھی جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
آذربائیجان کے دفاعی اتاشی کرنل مہمان نوروزوو نے کہا ہے کہ پاکستان سے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری ہمارے ایجنڈے میں کلیدی نکتہ ہے۔ پاکستان سے جدید ترین بلاک تھری جے ایف 17 تھنڈر طیارے خریدنا چاہتے ہیں۔
آذربائیجان کے دفاعی اتاشی نے کہا ہے کہ پاکستان اولین ترجیح ہے، طیاروں کی خریداری کا جائزہ لے رہے ہیں۔ آذربائیجان فضائیہ اپنے اثاثوں خصوصاً لڑاکا طیاروں کی اپ گریڈیشن کے لیے سنجیدگی سے کوشاں ہے۔
کرنل مہمان نوروزوو کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ فضائی قوت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے یکسوئی سے کام کر رہے ہیں۔