آئل مارکیٹنگ کمپنیز بینکوں سے قرض کی پالیسی میں نرمی کی خواہاں

آئل مارکیٹنگ کمپنیز بینکوں سے قرض کی پالیسی میں نرمی کی خواہاں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین طارق وزیر علی نے وزیر خزانہ شوکت ترین کو خط لکھ دیا ہے۔

خط میں وزیر خزانہ سے درخواست کی گئی ہےکہ وہ آئل مارکیٹنگ کمپنیزکو بینکوں سے قرض کی پالیسی میں نرمی کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ بینکوں کا دباؤ مزیدآئل مارکیٹنگ کمپنیز کے ڈیفالٹ کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

ایسوسی ایشن نے یہ خط پاکستان کی بینکنگ کی تاریخ میں آئل مارکیٹنگ کمپنی کے سب سے بڑے ڈیفالٹ کے بعد لکھا ہے۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ کمپنی کے ڈیفالٹ کے بعد بینک آئل مارکیٹنگ سیکٹر کو قرض دینے سے گریزاں ہیں۔ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہر کمپنی کو اپنے معاملات آگے بڑھانے کے لیے قرض کی ضرورت ہوتی ہے۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ اس صورتحال سے انڈسٹری میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہوگئی ہے جبکہ بینکوں کا مزید دباؤ دیگر آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے ڈیفالٹ کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ایسوسی ایشن کسی بھی ایسے شخص کے خلاف سخت اور فوری کارروائی کی حمایت کرتی ہے جس نے قانون کو توڑا ہے اور بینکوں اور قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں