ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ وہ سمجھوتہ کے لیے تیار ہیں اور پیر کو ہونے والی بات چیت میں فرانسیسی رہنما ایمانوئل میکرون کی طرف سے پیش کی جانے والی تجاویز پر غور کریں گے۔
جب کہ یوکرین پر کشیدگی بڑھانے کا الزام مغرب پر عائد کیا جا رہا ہے۔
پوتن اور میکرون دونوں رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ روس اور مغرب کے درمیان سرد جنگ کے خاتمے کے بعد سے بدترین بحران کا کوئی حل نکالا جا سکتا ہے۔
ماسکو آنے پر میکرون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پوتن نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ فرانسیسی رہنما نے مطالعہ کے لائق کئی خیالات پیش کیے ہیں۔
پوتن نے کہا کہ”ان کے بہت سے خیالات، تجاویز مزید اقدامات کی بنیاد کے طور پر ممکن ہیں،”۔
پوٹن نے مزید کہا کہ ہم ہر کسی کیلئے مناسب سمجھوتہ کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
انہوں نے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں لیکن کہا کہ دونوں رہنما منگل کو یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے میکرون کی ملاقات کے بعد فون پر بات کریں گے۔
دوسری جانب میکرون نے کہا کہ انہوں نے “ٹھوس حفاظتی ضمانتوں” کی تجاویز پیش کیں اور پوتن نے مجھے مشغول ہونے کی اپنی تیاری کی یقین دہانی کرائی۔
فرانسیسی ایوان صدر نے کہا کہ ان تجاویز میں دونوں طرف سے کوئی نئی فوجی کارروائی نہ کرنے کا عہد، ایک نئے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا آغاز اور یوکرین امن عمل کو بحال کرنے کی کوششیں شامل ہیں۔