ہیٹی میں زلزلے سے اموات کی تعداد 1297 ہوگئی

ہیٹی میں 7.2 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کرایک ہزار 297 ہوگئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز دارالحکومت پورٹ او پرنس سے تقریباً 150 کلومیٹر مغرب میں 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔

یہ زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کے جھٹکے کیوبا اور جمائکا میں بھی محسوس کیے گئے۔

ہیٹی کے سول پروٹیکشن ادارے نے کہا کہ زلزلے سے 5700 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن کا علاج جاری ہے۔
یہ تباہی مزید بڑھ سکتی ہے کیونکہ ٹراپیکل ڈپریشن گریس کے پیر کی رات کو ہیٹی سے ٹکرانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

امریکی نیشنل ہریکین سینٹر نے خبردار کیا کہ جہاں اتوار کے روز ٹراپیکل طوفان کی قوت میں کمی آئی ہے وہیں اس کے باوجود تیز بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

جنوبی شہروں لیس کیز اور جیرمی کو آپس میں ملانے والی قومی شاہراہ سیون میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بندہوگئی جس کی بحالی کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں

زلزلے سے متاثرہ علاقے میں پھیلے مناظر میں خاندانوں نے اپنے چند سامان کے ساتھ رات کھلی فضا میں فٹبال کے میدان میں گزاری۔

اتوار کے روز لوگ کیلے، ایووکاڈو اور پانی سمیت جو کچھ دستیاب تھا اسے خریدنے کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔

شہر میں چند لوگوں نے زلزلے سے بچنے پر خدا کا شکر ادا کییا اور بہت سے لوگوں نے عبادت گاہوں کا رخ کیا۔

جوہانے ڈورسلی، جن کا گھر مکمل تباہ ہوگیا تھا، کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے پاس اب صرف خدا ہے، اگر یہ بھی نہ ہوتا تو میں آج یہاں نہیں ہوتا’۔

اپنا تبصرہ بھیجیں