خاکے بنانے والا سویڈن کا ملعون کارٹونسٹ لارس ولکس ایک عبرتناک حادثے میں ہلاک ہوگیا ہے۔
لارس ولکس نے 2007 میں گستاخانہ خاکے بنائے تھے اور اس کے بعد سے پولیس اس کی حفاظت پرتعینات تھی۔
سویڈش پولیس نے تصدیق کی کہ 75 سالہ کارٹونسٹ اور دو پولیس افسران اتوار کو کار حادثے میں ہلاک ہوگئے جو ٹرک سے ٹکرا گئی تھی۔
پولیس کے ایک ترجمان نے مزید کہا کہ’’سڑک حادثے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ کیونکہ اس میں دو پولیس اہلکار بھی مارے گئے ہیں‘‘۔
پولیس کے مطابق دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی تھی اور ٹرک ڈرائیور کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثے کی وجہ فی الحال واضح نہیں ہے۔
علاقائی پولیس سربراہ کارینا پرسن نے کہا “جس شخص کی ہم حفاظت کر رہے تھے، وہ اوراس کے دو ساتھی اس ناقابل فہم اور خوفناک حادثے میں مر گئے ہیں۔”
پولیس کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ کار اور ٹرک کی ٹکر کیسے ہوئی تاہم ابتدائی طورپر اس میں کسی کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔
ملعون لارس ولکس نے 2007 میں گستاخانہ خاکے بنائے جس سے مسلمانوں میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی تھی،پولیس اسے تحفظ فراہم کرتی تھی۔