وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ کورونا کے باعث ترقی پذیر ملکوں میں خوراک کی قلت سب سے بڑا چیلنج ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کا چین میں منعقدہ فورم سے ورچوئل خطاب میں کہنا تھاکہ کورونا کی وجہ سے عالمی سطح پر معیشت متاثر ہوئی اور وبا نے دنیا بھر میں مسائل پیدا کیے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کیلئے غذائی قلت سب سے بڑا چیلنج ہے، دنیا بھرمیں ماحولیاتی تبدیلی، غربت اور غذائی عدم تحفظ کے چیلنجز ہیں جبکہ ٹیکنالوجی کے ذریعے زمینوں کو بنجر ہونے سے بچایا جاسکتاہے۔
غربت کے خاتمے کیلئے چین کو رول ماڈل قرار دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ہمارے احساس پروگرام نے کورونا کے مسائل کو حل کرنے میں مدد دی، ہم صاف اور سر سبز پاکستان کی جانب بڑھ رہےہیں اور ہم بلین ٹری منصوبے کے تحت ایک ارب درخت لگا چکے ہیں۔