پہلے سے بڑی بیٹری کے ساتھ گوگل کا سستا ترین اسمارٹ فون پکسل 5 اے

گوگل نے اپنا سستا ترین اسمارٹ فون پکسل 5 اے متعارف کرا دیا ہے۔

گزشتہ سال کے پکسل 4 اے 5 جی کے اس اپ ڈیٹ ماڈل میں پہلے سے کچھ بڑی اسکرین، زیادہ بڑی بیٹری اور واٹر ریزیزٹنٹ فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے۔

یہ فون 26 اگست سے امریکا اور جاپان میں امریکا میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

پکسل 5 اے میں 6.53 انچ کا ڈسپلے دیا گیا ہے مگر ریفریش ریٹ محض 60 ہرٹز ہے حالانکہ کہا جارہا تھا کہ ڈسپلے میں 90 ہرٹز ریفریش ریٹ دیا جاسکتا ہے۔

پکسل 4 اے کی 3885 ایم اے ایچ بیٹری کے مقابلے میں اس نئے فون میں 4680 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے اور کمپنی کے مطابق عام استعمال پر بیٹری ایک دن کام کرے گی جبکہ بیٹری سیور موڈ پر اسے 2 دن بھی چلایا جاسکتا ہے۔

یہ پکسل اے سیریز کا پہلا اسمارٹ فون ہے جس میں واٹر ریزیزٹنس کا فیچر موجود ہے اور 3 فٹ پانی میں 30 منٹ تک رہ سکتا ہے۔

فون میں 5 جی سپورٹ موجود ہے اور گوگل کا کہنا ہے کہ ضروری سافٹ ویئر سپورٹ کا اضافہ جلد کردیا جائے گا۔
فون کے اندر اسنیپ ڈراگون 765 جی پراسیسر موجود ہے جس کے ساتھ 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔

فنگرپرنٹ اسکینر فون کے بیک پر ہے جبکہ ہیڈفون جیک کو برقرار رکھنے کے ساتھ 18 واٹ چارجر باکس میں صارفین کو دستیاب ہوگا۔

گوگل پکسل 5 اے میں اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم موجود ہے مگر کمپنی کی جانب سے 3 سال تک آپریٹنگ سسٹم اور سیکیورٹی اپ ڈیٹس فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

فون کے بیک پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ موجود ہے جس کا مین کیمرا 12.2 میگا پکسل سنسر سے لیس ہے اور اس کے ساتھ 16 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا دیا گیا ہے۔

فرنٹ پر 8 میگا پکسل کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں چھپا ہوا ہے۔

یہ فون 449 ڈالرز (73 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا جو گزشتہ سال کے پکسل 4 اے سے 50 ڈالرز سستا ہے۔

اس طرح یہ اب تک کا سستا ترین پکسل اسمارٹ فون بھی بن گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں