پلاسٹک تھیلوں کے استعمال پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ

دبئی میں پلاسٹک تھیلوں کے استعمال پرفیس وصولی کا اعلان کردیا گیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق دبئی کی جانب سے پلاسٹک تھیلوں کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ دو سال میں ان تھیلیوں کا استعمال غیر قانونی ہوجائے گا۔

رپورٹ کے مطابق دبئی نے ابتدائی طور پر پلاسٹک تھیلوں کے استعمال پرجرمانہ عائد کردیا ہے جس کے تحت استعمال کرنے والوں سے فیس وصول کی جائے گی۔

امارات دبئی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ماحولیاتی خدشات کے پیش نظر پلاسٹک تھیلوں کا استعمال دوسال میں بالکل غیرقانونی قرار دے دیا جائے گا۔

دبئی حکومت نے بیان میں کہا کہ پلاسٹک تھیلوں کے استعمال پر25 فل (6 سینٹ) جرمانے کا نفاذ یکم جولائی سے ہوگا اور یہ جرمانہ ہول سیل اور ریٹیل اور کپڑوں کی دکانوں سمیت ہوٹل ، فارمیسز، میڈیکل اسٹور اور ڈیلیوری آرڈر پر بھی ہوگا۔

دبئی حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ امارات میں پلاسٹک تھیلوں کے استعمال پر پابندی عائد کرنا بے حد ضروری ہوگیا ہے کیوں کہ امارت میں بڑی تعداد میں اونٹ اور کچھوے پلاسٹک کھانے سے مررہے ہیں۔

بیان میں مزید گیا کہ اس حوالے سے امارات میں آگاہی مہم کا آغاز بھی کیا جائے گا جس میں پلاسٹک تھیلوں کے استعمال نہ کرنے کی ترغیب دی جائے گی اور یہ اس مہم کا آغاز اسکول ، کالجز سمیت یونیورسٹیوں سے ہوگا۔

واضح رہے پلاسٹک تھیلوں کے استعمال پر پر تقریباً 30 ممالک میں جرمانے عائد کیے گئے ہیں جب کہ تقریباً 90 ممالک نے پلاسٹک تھیلوں کے استعمال پر جزوی یا مکمل پابندی عائد کررکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں