پاکستان کے اہم ترین منصوبے تھرکول پاور پراجیکٹ پر مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہیں، امتیاز شیخ

کراچی: صوبائی وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ تھر کول پاور پراجیکٹ پاکستان کے اہم ترین منصوبوں میں ہے۔ اس کے لئے سب مل کر اور پورے عزم کے ساتھ کام کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے آج محکمۂ توانائی کے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں تھر کول پاور پراجیکٹ کی آئی پی پی ز(IPPs) کے منصوبوں کو پانی پہنچانے کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں تھر کول پاور پراجیکٹ کے مختلف بلاکس میں کام کرنے والی آئی پی پیز کے نمائندہ افسران اور سیکریٹری محکمۂ خزانہ حسن نقوی، سیکریٹری محکمۂ آب پاشی سہیل احمد قریشی، سیکریٹری محکمۂ توانائی سندھ طارق علی شاہ اور ان محکموں کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اگلے ماہ ستمبر کے آخری ہفتے تک تھر کول پاور پلانٹس کی IPPs کو پانی پہنچانے کا منصوبہ مکمل ہوجائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ تھر کول پاور فیلڈ کو پانی پہنچانے کے لئے نارا کینال اور چوٹیاری ریزروائر سے تھر کول فیلڈ میں نبی سر کے مقام تک 130 میل فاصلے پر روزانہ 200 کیوسک پانی پہنچانے کے منصوبے پر 10612.4 ملین روپے لاگت آئی ہے ۔

صوبائی وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے تھر کول پاور فیلڈ تک پانی پہنچانے کے منصوبے پر محکمۂ آب پاشی کے کام کو سراہا اور اس منصوبے کو ایک شاندار منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ سندھ حکومت ملک کی توانائی کے مسائل کے حل کے لئے تھر کول پاور پراجیکٹ پر پورے انہماک سے کام کررہی ہے اور اس منصوبے کی کامیابی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں