ویکسین لگوانے والوں کو اب ڈالر ملیں گے

امریکی شہر نیویارک کے میئر بل ڈے بلازیو نے شہر میں لوگوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو عالمی وبا سے محفوظ رکھنے کے لیے کورونا ویکسین لگوانے والے افراد کو 100 ڈالر انعام دینے کی پیشکش کا اعلان کردیا۔

این بی سی کی رپورٹ کے مطابق نیویارک کے میئر نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں مذکورہ اعلان کرتے ہوئے کہا.
انہوں نے کہا کہ 30 جولائی بروز جمعہ سے جو شہری یا ملازمین نیویارک شہر کے ویکسینیشن سینٹرز میں اپائٹمنٹ کے بعد ویکسین لگوائیں گے تو ان کو انعام نقدی کی صورت میں دیا جائے گا۔
پریس کانفرنس میں شریک ایک عہدیدار نے بتایا کہ کورونا ویکسین کا پہلا ڈوز لگوانے والے افراد کو ایک پری پیڈ ڈیبٹ کارڈ ارسال کیا جائے گا یا فوری طور پر ای میل کے ذریعے ڈیجیٹلی فراہم کیا جائے گا۔

نیویارک کے میئر کا کہنا تھا کہ ‘میں ذاتی طور اس بات کی ضمانت دیتا ہوں کہ اسی وقت آپ کو انعام دیا جائے گا، میرا خیال ہے کہ اس سے لوگوں میں بہت بڑی تبدیلی آنے والی ہے’۔

جب نیویارک کے میئر سے سوال کیا گیا کہ ان لوگوں کو کیا ملے گا جو پہلے ہی ویکسین لگواچکے ہیں تو انہوں نے کہا کہ ‘درست کام کرنے پر ان کا شکریہ’۔

انہوں نے کہا کہ ‘اپنے لیے، آپ کے اہلخانہ کے لیے، آپ کی کمیونٹی کے لیے ویکسین لگوانا درست تھا، آپ نے درست کام کیا اور اس کا انعام یہ تھا کہ آپ محفوظ ہیں اور اس کی وجہ سے زندہ ہیں، مگر ہم سمجھتے ہیں کہ ویکسین کے حوالے سے بہت زیادہ گمراہ کن باتیں پھیلائی جارہی ہے بالخصوص سوشل میڈیا پر، ہم نے بہت سی ایسی معلومات پر قابو پالیا ہے اور دیگر پر قابو پانا ہے’۔
خیال رہے کہ نیویارک شہر میں 90 لاکھ سے زائد افراد کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جاچکی ہے۔

نیویارک کے میئر نے کہا کہ شہر کی 59 فیصد سے زائد آبادی نے کورونا ویکسین کا کم از کم ایک ڈوز لگوایا ہے مگر یہ کافی نہیں ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کہ گمراہ کن افواہوں سے دور رہیں اور اپنی اور اپنے پیاروں کی جانوں کی حفاظت کے لیے ویکیسن لگوائیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں