واٹس ایپ نے صارفین کی سب بڑی مشکل حل کردی

سان فرانسسکو: پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والی دنیا کی مقبول ترین موبائل ایپلیکیشن واٹس ایپ نے صارفین کی بڑی مشکل حل کردی۔
واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد دو ارب سے زائد ہے، جن کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے کمپنی کی جانب سے آئے روز نت نئے فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں.
واٹس ایپ صارفین کو ایک مشکل تھی کہ اگر وہ اینڈرائیڈ سے آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم پر منتقل ہوتے ہیں تو اُن کی چیٹ ضائع ہوجاتی ہے۔
اب واٹس ایپ نے صارفین کی اس مشکل کو حل کرتے ہوئے نیا فیچر متعارف کرا دیا۔ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین نے بتایا کہ فی الوقت یہ سہولت اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
اینڈرائیڈ 10 یا اُس کے بعد آنے والے آپریٹنگ سسٹم والے فونز سے آئی او ایس سسٹم پر صارف چیٹ ، ایموجی، تصاویر منتقل کرسکے گا۔
واٹس ایپ کے مطابق اینڈرائیڈ صارف اس فیچر کی مدد سے چیٹ، تصاویر، آڈیو سمیت تمام ہسٹری آئی او ایس پر منتقل کرسکیں گے۔
کمپنی نے بتایا کہ یہ فیچر بہت مشکل سے تیار کیا گیا کیونکہ صارفین کے میسجز اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ اور موبائل میں محفوظ ہوتے ہیں، اس کام کو یقینی بنانے کے لیے موبائل کمپنیوں نے بھی  اضافی کام کیا اور سب کی مشترکہ کاوش کے بعد ہی فیچر تیار کیا گیا۔
یہ ٹول صارفین کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگا کیونکہ وہ مختلف ڈیوائسز اور پلیٹ فارمز پر اپنے اکاؤنٹ کا تمام ڈیٹا کسی بھی آپریٹنگ سسٹم میں منتقل کر کے اُسے استعمال کرسکیں گے۔
واٹس ایپ کے سربراہ ول کیٹ کارٹ نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت صارف سام سنگ کے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز پر دستیاب ہوگی، جلد تمام اینڈرائیڈ صارفین فیچر استعمال کرسکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں