سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنی پرائیوسی سیٹنگز میں ایک بار پھر تبدیلی کر دی اور اس تبدیلی کو صارفین کے لیے مزید باسہولت قرار دیا ہے۔
بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق فیس بک نے پرائیویسی سیٹنگز کو ایک بار پھر ری ڈیزائن کردیا ہے، اس سے قبل 2018 میں فیس بک نے پرائیویسی سیٹنگز کو ری ڈیزائن کیا تھا اور اس وقت کہا تھا کہ اس کا مقصد چیزوں کی تلاش کو آسان بنانا ہے۔
اس وقت فیس بک نے کہا تھا کہ صارفین کو 20 مختلف اسکرینز پر سیٹنگز کو تلاش کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ سب تک رسائی ایک جگہ ہوگی۔
مگر اب اس پالیسی کو بدل دیا گیا ہے اور نئے ری ڈیزائن کے ساتھ فیس بک نے کہا کہ سیٹنگز کو اب 6 بڑی کیٹیگریز کے گروپ میں تبدیل کردیا گیا ہے، ہر گروپ میں متعدد متعلقہ سیٹنگز ہوں گی۔ یہ گروپس اکاؤنٹس، پریفرنس، آڈینس اینڈ ویزیبلٹی، پرمیشنز، یور انفارمیشن اور کمیونٹی اسٹینڈرڈ اینڈ لیگل پالیسیز سیکشن پر مشتمل ہوں گے۔
کمپنی کے مطابق اب پرائیویسی سیٹنگز کو لوگوں کے ذہنی ماڈلز کے قریب تر بنایا گیا ہے۔ اب اگر آپ اپنی پرائیویسی سیٹنگز کو اپ ڈیٹ کرنا چاہتے یں تو اب آپ کو تمام نئی کیٹیگریز اور سب کیٹیگریز میں ایک، ایک کر کے جانا ہوگا۔
یہ سیٹنگز فیس بک کی آئی او ایس، اینڈرائیڈ، موبائل ویب اور فیس بک لائٹ ایپس میں متعارف کرانے کا سلسلہ 5 جولائی سے شروع ہوگیا ہے۔