ماسکو: روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ طالبان نے افغانستان کے بیشتر علاقے پر قبضہ کرلیا ہے اور یہی حقیقت ہے۔ انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ دیگر ممالک اپنی اقدار افغانستان پر مسلط کرنے کی کوشش نہ کریں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ولادی میر پیوٹن نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ملاقات کے بعد عالمی ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں کہا کہ حقیقت یہی ہے کہ طالبان نے بیشتر افغانستان پر قبضہ کر لیا ہے۔
انہوں ںے نہایت پراعتماد لہجے میں کہا کہ امید ہے کہ طالبان افغانستان میں قیام امن و امان کے حوالے سے اپنے وعدوں کی تکمیل کریں گے۔
ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ یہ بہت ہی اہم ہے کہ افغانستان سے دیگر ممالک میں دہشت گردوں کو داخل ہونے سے روکا جائے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس کے صدر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کو ناکامی سے بچانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
روسی صدر نے اس موقع پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ خیال رکھا جائے کہ مہاجرین کے لباس میں دہشت گرد دیگر ممالک میں داخل نہ ہو جائیں۔