امریکی فوج افغانستان سے انخلا کے دوران کروڑوں ڈالرز مالیت کا فوجی سازو سامان چھوڑ کر گئی ہے اور کئی فوجی گاڑیاں اور دیگر سامان ناکارہ بنایا ہے جن پر اسکریپ کا کام کرنے والوں کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔
تاہم اب افغان حکومت نے اسکریپ کی منتقلی پر پابندی عائد کردی ہے۔
افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزرات داخلہ نے مرکزی اور صوبائی پولیس سربراہان کو ہدایت جاری ہے جس کے مطابق اسکریپ کی اسمگلنگ کی سختی سے روک تھام کی جائے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ اسکریپ کی اسمگلنگ کی روک تھام سے ملک میں کاروبار اور تجارت کو فروغ ملے گا لہٰذا اس حوالے سے سخت کارروائی کی جائے۔
وزرات داخلہ نے صوبائی پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ اسمگلنگ میں ملوث افراد کو عدالتوں میں پیش کیا جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں طالبان نے دعویٰ کیا تھاکہ امریکی سی آئی اے کے اہلکاروں نے کابل سے انخلا سے قبل تقریباً 100 ملین ڈالرز کے سازو سامان کو تباہ کیا تھا۔