دنیا بھر میں پیغام رسانی کے لئے استعمال کی جانے والی مقبول ترین ایپلیکیشن واٹس ایپ کو اب بغیر انٹرنیٹ کے بھی استعمال کیا جا سکے گا۔
ویب بیٹا انفو کے مطابق واٹس ایپ کی نئی اپ ڈیٹ 2.21.19.9 جاری کردی گئی ہے جس کے تحت اگر صارف بیٹا ٹیسٹر نہیں ہے تب بھی اس فیچر سے باآسانی مستفید ہوسکے گا۔
ملٹی ڈیوائس فیچر کے تحت صارفین بنیادی ڈیوائس کے علاوہ واٹس ایپ کو مزید 4 ڈیوائسز سے منسلک کرسکتے ہیں، اس اپ ڈیٹ کو حاصل کرنے والے صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو مختلف ڈیوائسز پر استعمال کرسکیں گے۔
واٹس ایپ کی جانب سے اس نئے ملٹی ڈیوائس فیچر کو رواں برس جولائی میں آزمائشی طور پر متعارف کروایا گیا تھا تاہم اب اس فیچر سے آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین بھی مستفید ہوسکیں گے ۔
اس کے علارہ واٹس ایپ کا نیا ملٹی ڈیوائس فیچر فون میں انٹرنیٹ نہ ہونے کی صورت میں بھی منسلک شدہ ڈیوائسز کو واٹس ایپ تک رسائی کی اجازت دیتا ہے۔
صارفین کو اپنے فون میں موجود واٹس ایپ کو ویب پر کنیکٹ کرنے کے لئے انٹرنیٹ کنیکشن درکار ہوتا ہے اور واٹس ایپ ویب تک رسائی کے لیے QRکوڈ اسکین کرنے کی ضرورت ہوتی ہے تاہم موبائل میں انٹرنیٹ بند ہونے کی صورت میں ویب پر موصول ہونے والے میسجز کا سلسلہ بھی رک جاتا ہے لیکن اب واٹس ایپ ملٹی ڈیوائس فیچر کے متعارف کروائے جانے کے بعد اس میں تبدیلی آگئی ہے۔
فیچر کا استعمال کرنے کا طریقہ:
اینڈرائیڈ صارفین سب سے پہلے اپنا واٹس ایپ کھولیں اور تھری ڈاٹس آئیکن پر کلک کریں بعد ازاں لنک ڈیوائسز پر کلک کرنے کے بعد صارف کو نیچے کی جانب ملٹی ڈیوائس بیٹا کا آپشن نظر آئے گا جس پر کلک کر کے صارف جوائن بیٹا کے ذریعے اس نئے فیچر سے مستفید ہوسکتا ہے۔
اگر صارف ملٹی ڈیوائس بیٹا کو چھوڑنا چاہے تو اسی طرح آپشن پر جاکر leave کا آپشن استعمال کرسکتا ہے۔
اب آئی او ایس صارفین واٹس ایپ کھولنے کے بعد سیٹنگز میں جائیں اس کے بعد لنک ڈیوائسز پر کلک کریں، صارف کو نیچے کی جانب ملٹی ڈیوائس بیٹا کا آپشن نظر آئے گا جس پر کلک کرکے صارف جوائن بیٹا کے ذریعے اس نئے فیچر سے مستفید ہوسکتا ہے۔
ملٹی ڈیوائس بیٹا جوائن کرنے کے بعد صارفین ان لوگوں کو موبائل، ڈیسک ٹاپ یا دیگر منسلک ڈیوائسز سے کال یا میسج نہیں کرسکیں گے جن کے پاس واٹس ایپ کا پرانا ورژن موجود ہے۔
واضح رہے کہ اگر آپ 14 روز تک اپنا فون استعمال نہیں کرتے تو اس فون سے منسلک ڈیوائسز میں واٹس ایپ کام کرنا بند کردے گا۔