خواتین نے کابل ایئرپورٹ پر ڈیوٹی سنبھال لی

افغانستان کے دارالحکومت کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کام کرنے والی خواتین ڈیوٹی پر واپس آگئیں۔

گزشتہ روز کابل ائیرپورٹ پر تعینات افغان پولیس کے اہلکار ڈیوٹیوں پر واپس آگئے تھے اور وہاں تعینات بدری فورس کے دستوں کے ساتھ چیک پوائنٹس پر موجود تھے۔

تاہم اب طالبان کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ کابل ائیرپورٹ پر تعینات خواتین بھی ڈیوٹی پر واپس آگئیں اور اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔

طالبان کی جانب سے خواتین کے کام کرنے کی تصاویر بھی جاری کی گئی ہیں جن میں خواتین میک اپ کیے اور عبایا پہنے چیزوں کی تلاشی میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی نے بھی کابل ائیرپورٹ پر تعینات خواتین کی ڈیوٹیز پر واپسی کی تصدیق کی ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کابل ائیرپورٹ پر کام کرنے والی 80 میں سے 12 خواتین ڈیوٹی پر واپس آگئی ہیں۔

ڈیوٹی پر واپسی آنے والی رابعہ جمال کا کہنا ہے کہ گھر پر رہ کر پریشان تھی لیکن ڈیوٹی پر واپس آکر اچھا محسوس کررہی ہوں۔

ایک اور خاتون قدسیہ جمال کا کہنا تھاکہ گھر والے واپس کام پر جانے کے فیصلے سے خوفزدہ تھے اور مجھے منع بھی کیا لیکن میں واپسی پر خوش اور مطمئن ہوں۔

خیال رہے کہ طالبان نے کابل کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد حامد کرزئی ائیرپورٹ کا نام تبدیل کرکے کابل انٹرنیشنل ائیرپورٹ رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں