جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ کا انکشاف، حکام میں تشویش

جنوبی افریقہ میں سائنسدانوں نے کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ کی تشخیص کی ہے جس نے اپنی ساخت کو کئی بار بدلا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنوبی افریقہ میں سائنسدانوں نے یہ اعلان کورونا کی چوتھی لہر میں مریضوں کی تعداد میں نئے اضافے کے دوران کیا ہے۔

وائرولوجسٹ ٹولیو دی اولیویرا نے ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا کہ بدقسمتی سے ہم نے مریضوں میں ایک نئے ویریئنٹ کی تشخیص کی ہے جو جنوبی افریقہ میں تشویش کا باعث ہے۔ تشخیص شدہ ویریئنٹ نے کئی بار اپنی ساخت کو بدلا ہے

وائرولوجسٹ ٹولیو دی اولیویرا کا کہنا تھا کہ اس ویریئنٹ کی تشخیص بوٹسوانا اور ہانک کانگ میں بھی ایسے افراد میں ہوئی جنہوں نے جنوبی افریقہ سے سفر کیا۔

جنوبی افریقہ کے وزیر صحت جو فاہلا نے کہا ہے کہ نیا ویریئنٹ انتہائی تشویش کا باعث ہے اور حالیہ دنوں میں کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ بھی یہی ہے۔

جنوبی افریقہ نے عالمی ادارہ صحت کے ورکنگ گروپ سے نئے ویریئنٹ پر جلد از جلد میٹنگ بلانے کی درخواست کی ہے۔

گزشتہ برس کورونا وائرس کے بیٹا ویریئنٹ کی تشخیص بھی جنوبی افریقہ میں ہی ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں