بھارت بمقابلہ انگلینڈ پہلا ٹیسٹ ؛ انگلینڈ کی ٹیم پہلے دن 183 رنز پر ڈھیر

ناٹنگھم: بھارت اور انگلینڈ کے درمیان 5 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن انگلینڈ کی پوری ٹیم صرف 183 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنالیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ انگلینڈ کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔انگلینڈ کے اوپنر روری برنز کو جسپریت بمراہ نے پہلے ہی اوور میں پویلین بھیج دیا،جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، انگلینڈ کی آخری سات وکٹیں صرف 43 رنز کے عوض گریں۔انگلینڈ کی جانب سے کپتان جوئے روٹ64 اور جونی بیئر سٹو 29 رنز بناکر نمایاں رہے۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے 46 رنز دیکر چار ، محمد شامی نے 28 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ شاردل ٹھاکر نے دو اور محمد سراج نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بھارت نے اپنی پہلی اننگز کا پر اعتماد آغاز کیا،جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو بھارت نے 13 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنالیے تھے۔بھارت کو انگلینڈ کا اسکور برابر کرنے کے لیے 162 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ بھارت کی جانب سے روہت شرما اور کے ایل راہول نو ، نو رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔

واضح رہے کہ یہ انگلینڈ کا برصغیر کی کسی بھی ٹیم کیخلاف دوسرا کم ترین اسکور ہے۔ اس قبل انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کیخلاف 1987 میں عمران خان کی قیادت میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں اپنے سب سے کم ترین اسکور 136 پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ یہ میچ پاکستان نے ایک اننگز سے جیتا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں