اداکار ساحل خان کی جانب سے ہراساں کرنے اور سوشل میڈیا پر بدنامی کے خوف سے معروف بھارتی ماڈل اور باڈی بلڈر منوج نے خودکشی کی کوشش کی جس کے باعث اُن کی حالت تشویشناک ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق خودکشی کی کوشش کے فوری بعد ہی گھر والوں نے منوج کو اسپتال منتقل کیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق منوج کی حالت تشویش ناک ہے کیونکہ منوج نے خودکشی کی غرض سے نیند کی درجنوں گولیاں کھائی ہیں۔
اس سے قبل منوج نے اوشیوارہ پولیس اسٹیشن میں اداکار ساحل خان کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ ساحل خان نے انہیں سوشل میڈیا پر بدنام کیا ہے۔
درخواست میں منوج کی جانب سے کہا گیا کہ پولیس فوری طور پر ساحل خان کے خلاف کارروائی کرے۔
اب منوج کی خودکشی کی کوشش کے بعد اُن کے مینجر نے اداکار ساحل خان کے خلاف فوری مقدمے کے اندراج کے لیے پولیس کو درخواست دی تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال میں داخل منوج سے پوچھ گچھ کے بعد ہی مقدمہ درج ہوگا۔