ٹوکیو اولمپکس: ویمنز ہاکی کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کو بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا

ٹوکیو اولمپکس : اولمپک گیمز کے 10 ویں دن بھارت کی خواتین ہاکی ٹیم نے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا کو 1-0 سے شکست دے کر اولمپک گیمز کی تاریخ میں پہلی بار سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔

اس جیت کے بعد سے ہی مداحوں کو شاہ رخ خان یاد آرہے ہیں جنہوں نے 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’چک دے انڈیا ‘میں کوچ کبیر خان کا کردار نبھایا تھا ۔ٹوکیو اولمپکس میں بھارتی ویمنز ہاکی ٹیم نے آسٹریلیا کو تو ہرادیا لیکن وہ کوچ کبیر خان کی ‘ چک دے انڈیا ‘کا خواب پورا نہ کرسکی ۔بھارتی خواتین ہاکی ٹیم نے غلطی سے آسٹریلیا کو فائنل کے بجائے کوارٹر فائنل میں ہرادیا جبکہ اسکرپٹ کے مطابق اسے کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کو ہرانا تھا ۔ اس طرح ویمنز ہاکی ٹیم کوچ کبیر خان کی چک دے انڈیا کا اسکرپٹ دہرانے میں ناکام رہی۔ لیکن اب ٹوکیو اولمپکس کے سیمی فائنل میں بھارتی خواتین ہاکی ٹیم ارجنٹینا سے ٹکرائے گی جبکہ دوسرا سیمی فائنل نیدر لینڈ اور برطانیہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اداکار شاہ رخ خان نے ٹویٹ کر کے کہا ’ہاں ہاں کوئی بات نہیں بس واپسی میں سونا ساتھ لے آنا، ایک ارب افراد والے خاندان کی خاطر۔ اس بار دھنتیرس بھی دو نومبر کو ہے – سابقہ کوچ، کبیر خان‘۔

اس سے قبل پیر کو کھیلے گئے کوارٹر فائنل میچ میں بھارت کی خواتین ہاکی ٹیم نے میچ میں اچھی شروعات کی۔ تاہم ہندوستان اور آسٹریلیا دونوں پہلے کوارٹر میں گول نہیں کر سکے۔ گرجیت کور نے 22 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے بھارت کو 1-0 کی برتری دلا دی۔ ہاف ٹائم تک اسکور برابر رہا۔ تیسرے کوارٹر میں بھی کوئی گول نہیں ہوا اور بھارتی ٹیم 1-0 سے آگے تھی۔ چوتھے کوارٹر میں آسٹریلیا کی ٹیم نے زبردست مقابلہ کرتے ہوئے مسلسل دو کارنر بھی حاصل کیے۔ آسٹریلیا کومیچ میں مجموعی طور پر 9 پنالٹی کارنر ملے، لیکن وہ ایک بھی گول نہ کر سکی جبکہ بھارتی ٹیم کو صرف ایک کارنر ملا اور اس نے گول کر کے فتح کو یقینی بنایا۔

اس سے قبل بھارت کی مردوں کی ہاکی ٹیم بھی اتوار کو کوارٹر فائنل میں برطانیہ کو شکست دینے کے بعد 41سالوں میں پہلی بار اولمپک سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔

واضح رہے کہ 2016 کے ریو اولمپکس میں بھارتی ٹیم 12 ویں نمبر پر تھی۔ اس کے علاوہ 1980 میں بھارتی ٹیم چوتھے نمبر پر تھی۔ تاہم، اس وقت کوئی سیمی فائنل میچ نہیں تھا اور ٹاپ 3 ٹیموں کا فیصلہ پول میچوں کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔

ٹوکیو لمپکس میں بھارت ہاکی ٹیم کی جیت پر مختلف حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر مبارکباد کے پیغامات دیئے جارہے ہیں اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے جنوبی ایشیا ہاکی کے لیے امید افزاء اور خوش آئند قرار دیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں