انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی معذرت اور دورہ پاکستان 2022 کرنے کی یقین دہانی

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین این واٹمور نے دورہ پاکستان منسوخی پر معافی مانگتے ہوئے اگلے سال 2022 میں پاکستان کا مکمل دورہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے ڈیلی میل کے مطابق ای سی بی چیئرمین این واٹمور نے کہا کہ ہم اگلے سال مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھیں گے تاہم ہمیں اس سفر کی منصوبہ بندی کرنے میں مزید وقت لگے گا۔

این واٹمور نے کہا کہ دورہ پاکستان منسوخی سے متعلق فیصلے پر جنہیں تکلیف پہنچی اس پر ہم معافی چاہتے ہیں۔ بورڈ نے جو فیصلہ کیا وہ انتہائی مشکل تھا لیکن بورڈ نے کھلاڑيوں اور اسٹاف کی ذہنی صحت کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا۔

چیئرمین ای سی بی نے کہا کہ کرکٹ بورڈ نے فیصلہ اپنے فہم کی بنیاد پر کیا.

یاد رہے کہ مکمل دورے میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہوتے ہیں اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے مکمل دورے کا اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ٹویٹ میں لکھا کہ انگلش کرکٹ بورڈ کی معذرت اور پاکستان کے دورے کا اعلان ہمارے مؤقف کی بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ’’کرکٹ کے کھلاڑیوں، سفارت کاروں، انٹرنیشنل میڈیا اور ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے اس معاملے پر پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان کرکٹ کیخلاف ایک اور سازش ناکام ہوئی‘‘۔

واضح رہے کہ 17ستمبر کو نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ پاکستان ختم کرنے کے اعلان کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی کچھ روز بعد پاکستان کا دورہ منسوخ کر دیا تھا۔

دونوں ٹیموں کی جانب سے دورہ منسوخ کیے جانے پر کرکٹ شائقین اور مایہ ناز کرکٹرز نے فیصلے کو نااںصافی قرار دیا تھا جبکہ سخت تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا.

اپنا تبصرہ بھیجیں