انگلینڈ بمقابلہ بھارت، پہلا ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل

لندن: انگلینڈ کی ٹیم نے پہلا ٹیسٹ میچ جتنے کے لیے بھارت کو 209 رنز کا ہدف دیا ہے جبکہ بھارت نے ہدف کے تعاقب میں چوتھے دن کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 52 رنز بنالیے ہیں۔

بھارت کی جانب سے 209 رنز کے تعاقب میں اننگز کا محتاط  آغاز کیا گیا ،دونوں بلے بازوں نے بہترین طریقے انگلش باؤلرز کی سوئنگ باؤلنگ کا سامنا کیا۔تاہم اس دوران کے ایل راہول 26 رنز بناکر سٹوارٹ براڈ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو روہت شرما 12 اور چتیشور پجارا 12 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔بھارت کی ٹیسٹ میچ میں جیت کے لیے مزید 157 رنز درکار ہیں۔

قبل ازیں چوتھے دن کا کھیل شروع ہوا توانگلینڈ کے دونوں اوپنرز جلد ہی پویلین لوٹ گئے تاہم کپتان جوئے روٹ نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ایک طرف وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تاہم جوئے روٹ نے ڈٹ کر بھارتی باؤلرز کا سامنا کیا۔انگلینڈ کے دیگر بلے بازوں میں سیم کرن32 اور جونی بیئر سٹو 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے پانچ جبکہ محمد سراج اورشردل ٹھاکر نے دو ، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 183 جبکہ بھارت نے 278 رنز بنائے تھے۔بھارت اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز پانچ میچوں پر مشتمل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں