کابل: طالبان کے وفد نے افغان دارالحکومت میں سابق صدر حامد کرزئی، سابق چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ اور حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار سے ملاقات کی ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق طالبان وفد کی قیادت قطر میں سیاسی دفتر کے رکن انس حقانی نے کی۔
افغان سینیٹ کے سابق چیئرمین فضل ہادی سمیت دیگر حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی طالبان قائدین کی افغان سیاسی رہنماؤں سےکابل میں پہلی باقاعدہ ملاقات کی تصدیق کر دی ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ طالبان وفد نے سیاسی قائدین کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، افغان سیاسی قیادت کو فول پروف سکیورٹی فراہم کر دی ہے۔
بعدازاں حقانی نیٹ ورک کے اہم رہنما انس حقانی نے سربراہ حزب اسلامی گلبدین حکمت یار سے بھی ملاقات کی۔
دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ طالبان کے نائب امیر ملا عبدالغنی برادر بھی آج کابل پہنچیں گے جس کے بعد طالبان وفد اور مصالحتی کونسل میں حکومت سازی پر بات چیت متوقع ہے۔