امریکی صدر جوبائیڈن نے افغانستان سے امریکی شہریوں اور سفارتی عملے کے محفوظ انخلا کے لیے جانے والی فوجیوں کی تعداد دگنی کرنےکا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اپنے ایک بیان میں جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ امریکی مشن کے خاتمے اور عملےکی بحفاظت واپسی کے لیے 5 ہزار فوجی افغانستان بھیجے جائیں گے۔
طالبان کو خبردار کرتے ہوئے صدر جوبائیڈن نےکہا کہ جنگجو انخلا کے مشن پر مامور اہلکاروں کو نقصان پہنچانے سے باز رہیں۔
امریکی صدر نے افغانستان سے فوجیوں کے انخلا کے فیصلےکا ایک بار پھر دفاع کرتے ہوئے کہا کہ 4 امریکی صدور کے دور میں ہماری فوج افغانستان میں موجود رہی لیکن وہ اب اس جنگ کوپانچویں صدر تک منتقل نہیں کریں گے۔
امریکی صدر کی جانب سےامریکا کے افغانستان سے مکمل انخلا کے لیے 31 اگست کی ڈیڈلائن رکھی گئی ہے جبکہ پینٹاگون کا کہنا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوج کے مکمل انخلا سے پہلے ایک اندازےکے مطابق تقریبا 30 ہزار افراد کو نکالا جائےگا۔