برلن: افغانستان کے سابق وزیر مواصلات سید احمد شاہ سادات نے جرمنی میں سائیکل پر پیزا ڈیلیوری کا کام شروع کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق افغان وزیر نے دسمبر 2020 میں افغان حکومت سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اپنے ملک سے فرار ہونے کے بعد جرمنی کی ریاست سیکسونیا میں چلے گئے تھے۔جہاں انہوں نے فوڈ ڈیلیوری کمپنی میں پیزا ڈیلیوری بوائے کی حیثیت سے کام شروع کردیا ہے اور وہ اپنی سائیکل پر گاہکوں کو پیزا سپلائی کرتے ہیں۔
سادات نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے مواصلات اور الیکٹرانک انجینئرنگ میں دو ماسٹر ڈگریاں حاصل کی ہیں۔ تاہم پیسے نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے پیزا ڈیلیوری کا کام شروع کر دیا۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق افغان وزیر نے بتایا کہ حکومتی اداروں کی جانب سے ان پر استعفیٰ جمع کرانے کےلیے دباؤ ڈالا گیا تھا اور خود حکومتی اراکین بھی طالبان کی پیش قدمی کے خطرے اور غیرملکی افواج کے انخلا کی تاریخ کے قریب آنے کے بعد ملک سے فرار کے منصوبے تیار کر رہے تھے ۔
جس کے لیے وہ لوٹ مار کی منصوبہ بندی میں تھے جب انہوں نے لوٹ مار کے منصوبے میں حصہ لینے سے انکار کیا تو انہوں نے سازش شروع کردی اور مجھے استعفیٰ دینا پڑا۔