افغانستان میں فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد، طالبان کمانڈر کی آمد

کابل: افغانستان میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہونا شروع ہو گئیں۔ طالبان کمانڈر نے فٹبال میچ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی دی۔

افغانستان میں جاری دو دہائیوں کی جنگ کے بعد امن بحال ہونا شروع ہو گیا جبکہ افغانستان میں کھیلوں کی سرگرمیاں بھی بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں۔

افغانستان کے صوبے ہرات میں فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس کے فائنل میں شرکت کے لیے مقامی طالبان کمانڈر مولوی شیر احمد درجنوں طالبان کے ہمراہ گراؤنڈ میں پہنچے۔

طالبان کمانڈر مولوی شیر احمد اور طالبان کے دیگر افراد نے سیکڑوں فٹبال شائقین کے درمیان بیٹھ کر میچ دیکھا۔

اس موقع پر لیگ کے منتظمین نے فائنل کی فاتح ٹیم کو ٹرافی دینے کے لیے طالبان کمانڈر مولوی شیر احمد کو دعوت دی اور انہوں نے فاتح ٹیم انعام دیا۔

واضح رہے کہ فٹبال لیگ کے فائنل میچ میں سیکڑوں شائقین اور بااثر مقامی افراد بھی موجود تھے۔ میچ کے درمیانی وقفے میں شائقین نے طالبان رہنماؤں کے ہمراہ نماز پڑھی اور فائنل لیگ کا مکمل میچ دیکھا۔

طالبان کی آمد کے موقع پر افغانستان میں ہر شخص خوف میں مبتلا تھا تاہم اب یہ خوف کی فضا آہستہ آہستہ ختم ہو رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں