افغانستان سے شہریوں کا انخلا، جرمن سفیر شاندار تعاون پر پاکستان کے شکرگزار

پاکستان میں جرمنی کے سفیر برن ہارڈ شیلاگ ہیک نے افغانستان سے غیرملکیوں کے انخلا میں تعاون پر پاکستان کے کردار کی تعریف کی ہے۔

جرمن سفیر برن ہارڈ شیلاگ ہیک نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں اسلام آباد ائیرپورٹ پر شاندار تعاون پر پاکستانی حکام کی کارکردگی کو سراہا۔

برن ہارڈ شیلاگ ہیک کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تعاون کے بغیر افغانستان سے جرمن سفارتی عملے، شہریوں اور  دیگر اتحادیوں کا انخلا ممکن نہ تھا۔

انہوں نے ٹوئٹر پر ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں اسلام آباد ائیرپورٹ پر بڑی تعداد میں غیرملکیوں کو بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔

جرمن سفیر نے ’پاک جرمن دوستی‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے رومن انگریزی میں بہت شکریہ بھی لکھا۔

خیال رہے کہ 15 اگست کو طالبان نے افغان دارالحکومت کابل کا کنٹرول حاصل کر لیا تھا جس کے بعد غیر ملکی سفارتکاروں اور شہریوں سمیت سیکڑوں افراد افغانستان چھوڑنے کے لیے کابل ائیرپورٹ پر پہنچے اور اس دوران امریکی فورسز کی فائرنگ اور افراتفری کے واقعات میں اب تک 20 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی اے کی جانب سے غیر ملکیوں کو افغانستان سے نکالنے کے لیے خصوصی پروازیں چلائی جا رہی ہیں اور پی آئی اے کی پرواز وں کے ذریعے اب تک سیکڑوں غیر ملکیوں کو افغانستان سے نکالا جا چکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں