’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘ کے ٹریلر کا ریکارڈ قائم

پلک جھپک میں بلند و بالا عمارتوں پر چڑھ جانے اور دیکھتے ہی دیکھتے دشمنوں پر وار کرکے غائب ہوجانے والے سائنس فکشن کردار ’اسپائیڈر مین‘ کی آنے والی تیسری فلم کے ٹریلر نے ’اوینجرز اینڈ گیم‘ کا ریکارڈ توڑ دیا۔

’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘ کا ٹریلر 24 اگست کو جاری کیا گیا تھا اور ٹریلر کے ساتھ ہی نہ صرف فلم کے نام کا اعلان کیا گیا بلکہ اس کی ریلیز کا بھی بتایا گیا۔

’اسپائیڈر مین‘ کے کردار کی تیسری فلم کا جھلکیاں تو کافی عرصہ قبل ہی جاری کی گئی تھی مگر 24 اگست کو اس کا ٹریلر جاری کیا گیا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے 24 گھنٹے میں نیا ریکارڈ بنا لیا۔

شوبز ویب سائٹ ورائٹی کے مطابق ’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘ کے ٹریلر کو محض 24 گھنٹوں میں 35 کروڑ 55 لاکھ بار دیکھا گیا جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل کسی بھی فلم کے ٹریلر کو سب سے زیادہ 2018 میں دیکھا گیا تھا اور سائنس فکشن فلم ’اوینجرز اینڈ گیم‘ کے ٹریلر کو 29 کروڑ 90 لاکھ بار دیکھا گیا تھا۔

’اوینجرز اینڈ گیم‘ کے ٹریلر سے قبل 2017 میں ہی اسی سیریز کی فلم ’اوینجرز: انفینٹی وار‘ کے ٹریلر کو ابتدائی 24 گھنٹوں میں 23 کروڑ بار دیکھا گیا تھا۔

اس سے قبل مارول اسٹوڈیو کی آنے والی فلم ’آئی ٹی‘ کے ٹریلر کو ایک دن میں سب سے زیادہ بار یعنی 19 کروڑ 70 بار دیکھا گیا تھا جب کہ اس سے پہلے ہولی وڈ فلم ’فیٹ آف دی فیورس‘ کے ٹریلر کو ایک دن میں 13 کروڑ 90 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا تھا۔
’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘ کے ٹریلر کی جانب سے ’اوینجرز اینڈ گیم‘ کے ٹریلر کا ریکارڈ توڑنے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر مذکورہ فلم کمائی کا بھی نیا ریکارڈ بنائے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

’اسپائیڈر مین: نو وے ہوم‘ کو رواں برس دسمبر میں کرسمس کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا اور یہ فلم ’اسپائیڈر مین، فار فرام ہوم‘ کا سیکوئل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں