آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آفیشل ترانہ جاری کردیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے میل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کا آفیشل ترانہ ’لائیو دی گیم‘ جاری کردیا ہے۔

مختصر دورانیے کے ترانے کی موسیقی بولی وڈ موسیقار، گلوکار و ہدایت کار امت تریویدی نے دی ہے اور گانے میں جدید ٹیکنالوجی کی اینیمیشنز کا استعمال کیا گیا ہے۔

گانے میں بھارت، آسٹریلیا، انڈیا اور افغانستان کے معروف کھلاڑیوں کے اینیمٹڈ کرداروں کو دکھایا گیا ہے جب کہ شائقین کو بھی اینیمیشن کی صورت میں دکھایا گیا ہے۔

ویڈیو کا آغاز ویسٹ انڈیز کے ملک جمیکا سے ہوتا ہے جس کے بعد کرکٹ کے ممبئی کے مداح کو دکھانے کے بعد کراچی کے نوجوان کرکٹ مداحوں کو دکھایا گیا ہے۔

آفیشل ترانے کی ویڈیو میں پاکستان اور سری لنکا سمیت دیگر ممالک کے کھلاڑیوں کو بھی نہیں دکھایا گیا، جس کی وجہ سے گانے پر اعتراض بھی کیا جا رہا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق مذکورہ گانے کی ویڈیو کی تیاری میں 40 مختلف تھری ڈی اور ٹو ڈی اینیمیشن سمیت دیگر ٹیکنالوجی کے آرٹسٹوں نے مدد فراہم کی۔

گانے کو آئی سی سی کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کیے جانے سمیت اسے پارٹنر ٹی وی چینلز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی جاری کیا گیا۔

گانے میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا حصہ بننے والی دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں یا ممالک کی جھلکیاں نہ دکھائے جانے پر کئی لوگ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر تنقید بھی کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز آئندہ ماہ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے ہوگا اور ایونٹ کے میچز عمان میں بھی ہوں گے اور کپ 14 نومبر تک جاری رہے گا۔

https://twitter.com/iqraHafeez0/status/1440966757406044166?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1440966757406044166%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fwww.dawnnews.tv%2Fnews%2F1169131

اپنا تبصرہ بھیجیں