ارب پتی تاجر ایلون مسک نے کہا ہے کہ ان کی ایک کمپنی اگلے 6 ماہ میں انسان کے دماغ میں چپ لگانے کے قابل ہوجائے گی جس کے بعد انسان براہ راست کمپیوٹر سے رابطہ کرسکے گا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک کی کمپنی نیورالنک کی چپ کے ذریعے انسان براہ راست کمپیوٹر سے بات کرسکے گا۔
ایلون مسک نے خود بھی چپ اپنے دماغ میں لگانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
کیلیفورنیا میں کمپنی سے خطاب کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ اس تجربے کے حوالے سے ہم نے زیادہ تر کاغذی کام منظوری کے لیے امریکی ادارے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن اتھارٹی (ایف ڈی اے) میں جمع کرادیا ہے۔
ایلون مسک نے کہا کہ امید ہے آئندہ 6 ماہ میں ہم پہلی مرتبہ انسان کے دماغ میں چپ لگانے کے قابل ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا ہم اس حوالے سے بہت محنت کر رہے ہیں اور یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ انسان میں لگانے سے پہلے یہ چپ صحیح طریقے سے کام کرے۔