سیروگیسی کے نام سے تو ہم میں سے اکثر لوگ واقف ہوں گے، دنیا کی مشہور شخصیات بشمول بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان بھی اپنے بیٹے ابراہام کے لیے ’ کرائے کی کوکھ ‘ کا استعمال کر چکے ہیں۔
تاہم چینی سائنس دانوں نے اس سلسلے میں مزید پیش رفت کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت سے لیس مشینی کوکھ تیار کرلی ہے جسے ’کمپیوٹرائزڈ آیا ‘ کا نام بھی دیا گیا ہے۔
طبی تحقیقی جریدے ’ جرنل آف بایو میڈیکل انجیئنرنگ ‘ میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے بارے میں سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ مصنوعی رحمِ مادر اپنے اندر پروان چڑھنے والے بچوں کی نگہداشت کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتاہے۔
اس مطالعے کی سربراہی کرنے والے زہنگ ویجون کا کہنا ہے کہ ابھی یہ تجرباتی مراحل میں اور اس کے مختلف جانوروں پر تجربات کیے جا رہے ہیں، تاہم اس ضمن میں عائدبین الاقوامی پابندیوں کی وجہ سے اس کا انسانوں پر تجرہ نہیں کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس مصنوعی رحمِ مادر میں بالکل قدرتی کوکھ جیسا ماحول پیدا کیا گیا ہے جہاں کسی جاندار میں حمل کے ٹہرنے سے پیدائش تک کے مراحل کو بخوبی سرانجام دیا جاسکتا ہے۔