‘سلو پچز نے شاہین جیسے باصلاحیت بولرز کو غیرمؤثر بنادیا’، سابق آسٹریلوی کرکٹرز

آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں سلو پچز پر آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کھلاڑیوں نے تنقید کی ہے۔

سابق آسٹریلوی کرکٹر مارک وا نے کہا کہ لاہور ٹیسٹ کی پچ بہت ہی معمولی سی ہے، مجھے ایسی پِچز نہیں پسند جہاں فاسٹ بولرز باؤنسرز نہ کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ سلو پِچز ٹیسٹ کرکٹ کی بقا کے لیے اچھی پلاننگ نہیں، میں چاہتا ہوں کہ پاکستان میں باؤنسی اور فاسٹ بولرز کے لیے سازگار پچز بنائی جائیں۔

آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر براڈ ہاڈن نے کہا کہ دورہ پاکستان پر فیصلہ کن پِچز نہیں بنائی گئیں، سلو پچز نے شاہین شاہ آفریدی جیسے باصلاحیت بولرز کو غیرمؤثر بنادیا۔

براڈ نے مزید کہا کہ پاکستان کی طاقت فاسٹ بولنگ میں ہے، ٹیسٹ کرکٹ کو دلچسپ بنانے کے لیے پاکستان کو پچز کو بہتر بناناہوگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کئی معروف ملکی و غیر ملکی کرکٹرز پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیسٹ میچز سیریز میں بنائی جانے والی سلو پچز کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں