ممبئی کی عدالت نے فراڈ کیس میں بالی ووڈاداکارہ شلپا شیٹی کی والدہ سونندا شیٹی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ اندھیری آرآرخان نے رواں ہفتے کے آغازمیں شلپا،ان کی بہن اداکارہ شمیتا شیٹی اور والدہ کو قرض کی واپسی سے متعلق ایک تاجرکی طرف سے دائردھوکہ دہی کے مقدمے میں سمن جاری کیا تھا۔
شلپا اور فیملی نے سمن سیشن کورٹ میں چیلنج کیے تھے جہاں سیشن جج نے شلپا اورشمیتا کیخلاف قانونی کارروائی روکنے کا حکم دیا تاہم ان کی والدہ کو رعایت نہیں دی گئی۔
عدالت نے قراردیا کہ آنجہانی سریندرشیٹی (شلپا کے والد) اورسنندا (والدہ ) فرم میں شراکت دارظاہرہوتے ہیں جبکہ ایسی کوئی دستاویزپیش نہیں کی گئی جس سے ظاہرہو کہ ان کی بیٹیاں بھی شراکت دارتھیں۔ یقیناً کیس میں چند قانونی پہلوؤں پرنظرثانی کی گنجائش ہے، جس کے لیے میرٹ پرعدالتی تحقیقات کی ضرورت ہے۔
عدالت نےغیرحاضرسونندا شیٹی کوحاضری سے استثنیٰ دینے سے انکارکرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
اس کیس میں شکایت کنندہ پرہاد امرا کے ایڈووکیٹ زین شراف نے کہا کہ سریندر شیٹی نے 2015 میں رقم ادھار لی تھی جسے جنوری 2017 تک واپس کرنا تھا تاہم تاحال ایسا نہیں کیا گیا.