پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پاکستان کے نئے تعینات ہونے والے باؤلنگ کوچ شان ٹیٹ اپنے والد کی آخری رسومات کی وجہ سے راولپنڈی میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ ٹیٹ کی پاکستان آمد کی تاریخ مقررہ وقت پر پی سی بی کے ذریعے شیئر کی جائے گی۔
سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر کو پی سی بی نے ایک سال کے کنٹریکٹ پر تعینات کیا ہے، گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل وقار یونس کے مستعفی ہونے کے بعد سے پاکستان مستقل بولنگ کوچ سے محروم ہے۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کے ورنن فلینڈر کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021 کے لیے پاکستان کا بولنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا تھا جبکہ وہ بنگلہ دیش کے اگلے دورے پر بھی ٹیم کے ساتھ تھے۔
ٹیٹ کے بولنگ کوچ کے اعلان کے ساتھ ہی ثقلین مشتاق کو عبوری بنیادوں پر پاکستان کے ہیڈ کوچ کے طور پر ایک سال کا معاہدہ بھی دیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گا۔