کرونا پابندیوں کے خاتمے کے بعد سعودی عرب کی جانب سے اچھی خبریں آنے کا سلسلہ جاری ہے، مگر اس خبر نے تو عمرے کے خواہش مند افراد کے دل کو باغ باغ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ ہر قسم کے انٹری ویزے رکھنے والے افراد کو عمرہ کرنے کی اجازت ہوگی، اس کے لئے سعودی وزارت حج عمرہ نے عمرہ بکنگ کے لیے تین مراحل وضع کئے ہیں۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق مملکت سے باہر سے آنے والے زائرین کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے ایپ کے ذریعے اپائنٹمنٹ بُک کرانا ہوگی۔
عمرہ اپائنٹمنٹ بکنگ کے زیادہ سے زیادہ چھ گھنٹے کے اندر سعودی عرب میں داخل ہونا لازمی ہوگا بصورت دیگر عمرے کی اجازت خود بخود منسوخ ہو جائے گی۔
وزارت نے مزید کہا کہ اگر درخواست دہندہ کرونا سے متاثر نکلا یا کسی متاثرہ شخص سے رابطے میں رہا تو بھی عمرے کی اجازت خود بخود منسوخ ہو جائے گی۔
سعودی عرب کی جانب سے یہ اعلان امریکا، برطانیہ اور شینگن کے درست ویزا رکھنے والے شہریوں کے لیے ویزا آن آرائیول پروگرام کو بحال کرنے کے ایک ہفتے بعد آیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سعودی عرب نے امریکہ، برطانیہ اور شینگن کا ویزا رکھنے والوں کے لیے ویزہ آن آرائیول کی سہولت فراہم کردی تھی۔