روس کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ، فچ ریٹنگز نے خبردار کردیا

دنیا کی بڑی ریٹنگ کمپنی نے روس کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دنیا بھر کے ممالک کے قرضوں اور اُن کے وسائل سے متعلق ریٹنگ جاری کرنے والی بڑی کمپنی فِچ ریٹنگز نے خبردار کیا ہے کہ روس جلد اپنے قرضوں کے باعث دیوالیہ ہو سکتا ہے۔

کمپنی نے دعویٰ کیا کہ قرضوں کے باعث روس کے ضمانتی بونڈز کی قدر کو بی کیٹیگری سے مزید نیچے گرا کر اُنہیں سی یعنی ’’جنک‘‘ کیٹیگری میں شامل کر لیا گیا ہے۔

فچ ریٹنگ نے روس کی سب سے نچلی سطح پر درجہ بندی کی ہے جبکہ اس سے ایک روز قبل اس کے سرمایہ کاری کے درجے کو بھی کم کر دیا تھا۔

یوکرین پر حملے کے نتیجے میں عائد کی جانے والی معاشی پابندیوں کے باعث روس کو قرض کی رقم ادا کرنے کی اہلیت پر لگنے والا ایک اور دھچکا ہے۔ رواں ہفتے روس نے بھی کہا تھا کہ اس کے قرض ادائیگی کے معاہدے عائد کردہ معاشی پابندیوں سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

فِچ ریٹنگز کی جانب سے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکہ اور برطانیہ نے روس سے خام تیل کی درآمد پر پابندی عائد کر دی جبکہ یورپی ممالک نے بتدریج روس کے ذرائع توانائی یعنی خام تیل اور گیس پر انحصار ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں