راشد خان افغان ٹیم کے لیے مزید ٹیسٹ میچ مواقع کے خواہش مند

افغان اسپنر راشد خان نے کہا ہے کہ کرکٹ میں ٹاپ ٹیموں کے خلاف ٹیسٹ میچز کھیلنے کے مواقع کے خواہاں ہیں۔

افغان ٹیم کو نومبر میں ہوبارٹ میں واحد ٹیسٹ کھیلنا تھا لیکن کرکٹ آسٹریلیا نے افغانستان میں طالبان کے دور حکومت میں خواتین کی کرکٹ کے مستقبل پر غیر یقینی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے میچ ملتوی کر دیا۔

جس پر راشد خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیو اسمتھ اور مارنس کے خلاف کھیلنے کا موقع ضائع ہو گیا۔

اسپنر راشد خان نے کہا کہ ایک کھلاڑی کے طور پر یہ مایوس کن بات ہے کیونکہ ہم ہمیشہ بڑی ٹیموں کو کھیلنے کے مواقع کا انتظار کرتے ہیں، جس سے کرکٹ کو بہتر بنانے اور نئی چیزیں سیکھنے کو ملتا ہے۔

راشد خان نے کہا کہ ہم سب اس کے منتظر تھے لیکن بعض اوقات چیزیں ہمارے مطابق نہیں ہوتیں، لیکن مجھے امید ہے کہ ہمیں جلد بڑی ٹیموں سے کھیلنے کا موقع ملے گا۔

راشد خان کا مزید کہنا تھا کہ وکٹیں اور حالات ہر ملک میں مختلف ہوتی ہیں، اس لیے ہمیں مختلف طریقے سے سوچنا پڑتا ہے اور اس سے آپ کے کھیل میں کچھ اور اضافہ ہوتا ہے اور تجربہ آپ کو ذہنی طور پر بہت مضبوط بناتا ہے۔

راشد نے بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور پاکستان میں اپنی شاندار لیگ اسپن سے افغان فرنچائز کرکٹ کو روشن کیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ یہ تجربہ انہیں ٹیسٹ میں بھی اچھی کارکردگی دیکھائیں گے۔

2017 میں افغان ٹیم کو گورننگ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی مکمل رکنیت ملنے کے بعد سے راشد خان نے افغانستان کے پانچوں ٹیسٹ کھیلے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں