پاکستانی باکسر محمد وسیم آج ہونیوالی ورلڈ ٹائٹل کی فائٹ کیلئے پر جوش

پاکستان پروفیشنل باکسر محمد وسیم آج ہونیوالی ورلڈ ٹائٹل کی فائٹ کیلئے کافی پر جوش ہیں۔

آج ہونے والی ورلڈ ٹائٹل کی فائٹ سے قبل آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد وسیم نے کہا کہ کافی پرجوش ہوں، جیت کر پاکستان کا نام روشن کروں گا۔

انہوں نے کہاکہ میرا مقابل ورلڈ چیمپئن سے ہے، کافی ٹف فائٹ ہوگی تاہم میں ایک ہزار فیصد پر اعتماد ہوں اور ذہنی طور پر پختہ ہوں کہ یہ فائٹ جیتوں گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی سخت باکسرز سے مقابلہ کیا ہے، چیلنجز بخوشی قبول کرتا ہوں جبکہ پروفیشنل باکسر بھی اب اولمپکس میں اپنے ملک کی نمائندگی کرسکتا ہے۔

محمد وسیم نے خواہش ظاہرکی کہ میں پیرس اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کروں جبکہ انہوں نے کہا کہ پروفیسر انور چوہدری نے پاکستان باکسنگ کو کھڑا کرنے میں بہت اہم کردار ادا کیا تھا۔

اس کے علاوہ محمد وسیم نے کہا کہ میرے لیے سب سے پہلے میرا ملک ہے اس کے بعد باقی ساری چیزیں ہیں، پاکستانی ہوں مگر مجھے ایک روپے کا اسپانسر نہیں مل رہا تھا، اس بار مجھے شاہد آفریدی نے اسپانسر کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پتہ نہیں بلوچستان کے اسپورٹس منسٹر کھیلوں کیلئے کیا کررہے ہیں، بلوچستان سے مجھ سے اچھے باکسرز نکل سکتے ہیں مگر ان کے پاس سہولیات ہی نہیں ہیں۔

محمد وسیم کا کہنا ہے کہ باکسنگ سے ناواقف لوگ پاکستان میں اس کھیل کا مذاق بنارہے ہیں لوگوں کی زندگیاں خطرے میں پڑجاتی ہیں۔

پاکستانی پروفیشنل باکسر محمد وسیم آج ورلڈ ٹائٹل کیلئے برطانیہ کے سنی ایڈورڈز سے مقابلہ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں