نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے گذشتہ سال پاکستان کا اچانک دورہ ختم کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو معاوضہ ادا کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پی سی بی نے معاوضے کی رقم کا اعلان نہیں کیا تاہم پی سی بی اب نیوزی لینڈ کے اگلے سال دورہ پاکستان سے بھاری منافع کمائے گا۔ پی سی بی نے کیوی بورڈ سے یہ رقم مالی نقصان کا معاوضہ، سیکیورٹی، ہوٹل کی بکنگ اور مارکیٹنگ براڈ کاسٹ کی مد میں وصول کی۔
واضح رہے کہ دونوں بورڈز کے درمیان تعلقات بھی معمول پر آگئے ہیں جبکہ پی سی بی نے آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل اکتوبر میں کرائسٹ چرچ میں سہہ فریقی سیریز میں شرکت کا دعوت نامہ قبول کر لیا ہے۔
پی سی بی انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کا شیڈول ایڈجسٹ کرنے میں مصروف ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ انگلینڈ کے خلاف 7 ہوم ٹی ٹونٹی میچز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے لیے بھی کوشاں ہے۔
ذرائع کے مطابق ہوم سیریز کا شیڈول سامنے آنے پر نیوزی لینڈ کے ایونٹ کا حتمی فیصلہ ہو گا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوزی لینڈ میں ہونے والے سہہ ملکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم بھیجنے کے لیے کوشاں ہے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ سہہ ملکی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے 3 ملکی سیریز کی پیشکش آئی سی سی میٹنگ کے دوران اپریل میں کی تھی۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے 17 ستمبر 2021 کو راولپنڈی میں پہلے ایک روزہ میچ کے آغاز سے قبل عین وقت پر سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بناتے ہوئے واپسی وطن روانگی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد دونوں بورڈز کے درمیان روابط کشیدہ ہوگئے تھے۔
تاہم اب نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم رواں سال کے آخر میں 3 ایک روزہ اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔