قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا کہنا ہے کہ صرف اللّٰہ سے ہوتا ہے، جیت ہو یا ہار ہمیں گیم کو انجوائے کرنا ہے۔
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کو شکست دینے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ہمیں آخری گیند تک لڑنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اللّٰہ تعالیٰ ہمیں فتح عطا کردیں تو کبھی ایسی باتیں اور انداز نہیں اپنانا چاہیے جس سے تکبر جھلکتا ہو۔
Sirf Allah se hota hai.
Jeet ho ya haar, hum ne is game ko enjoy kerna hai. Larna hai akhri ball tak. Or agar Allah SWT hame fatah ata ker dain to kabhi asi batain or andaz nahi apnana jis se takabbur jhalakta ho.
Well played team. Pakistan ko Mubarak ho. Good fight India! 👏 pic.twitter.com/2LU2RdO5xj
— Muhammad Rizwan (@iMRizwanPak) September 4, 2022
محمد رضوان نے پاکستان کو مبارک باد دی اور ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے بہت اچھا کھیلا اور بھارت نے بھی اچھی فائٹ کی۔
قومی ٹیم کے بیٹر نے اپنے پیغام کے ساتھ کچھ تصاویر بھی شیئر کی ہیں جن میں سے ایک تصویر میں محمد رضوان کو مقابلے کے دوران اسٹیڈیم میں ہی ہاتھ اٹھا کر دعا مانگتے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ایشیا کپ 2022 کے سپر فور مرحلے کے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دی۔
پاکستان نے بھارت کا 182 رنز کا ہدف محمد رضوان اور محمد نواز کی شاندار اننگز کی بدولت آخری اوور میں پورا کیا، رضوان نے 71 اور نواز نے 20 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی۔