برہنہ فوٹو شوٹ؛ رنویر سنگھ پولیس کے سامنے پیش

بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ برہنہ فوٹو شوٹ کے معاملے پر پولیس کے سامنے پیش ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق برہنہ فوٹو شوٹ پر ممبئی کے چیمبُر پولیس اسٹیشن نے رنویر سنگھ کو 2 مرتبہ طلبی کا سمن بھیج چکی تھی، جس کی تکمیل کے لیے رنویر سنگھ پیر کی صبح اپنے وکیلوں کے ہمراہ پولیس اسٹیشن پہنچے۔

پولیس نے 2 گھنٹوں میں رنویر سنگھ کا بیان ریکارڈ کیا۔ پوچھ گچھ کے دوران پولیس نے رنویر سے عریاں فوٹو شوٹ کے معاہدے سمیت دیگر کئی معاملات پر سوال کئے۔

پولیس نے رنویر سنگھ سے استفسار کیا کہ کیا آپ جانتے ہیں کہ اس قسم کے فوٹو شوٹ لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچا سکتی ہے؟

تفتیش کے دوران رنویر سنگھ نے کچھ دستاویزات بھی جمع کرائے ہیں اور خود کو ہر قسم کے الزام سے بےقصور ظاہر کیا ہے۔

رنویر سنگھ کا برہنہ فوٹو شوٹ ایک بھارتی جریدے نے شائع کیا تھا، اس فوٹو شوٹ کے ذریعے 70 کی دہائی کے امریکی گلوکار برٹ رینالڈس کو خراج تحسین پیش کیا گیا تھا، جو 1972 میں ایک فوٹو شوٹ کے لئے برہنہ ہو گئے تھے۔

رنویر سنگھ اپنے عریاں فوٹو شوٹ کے بعد سے کئی تنازعات کا شکار ہوگئے ہیں۔ ایک جانب بڑی تعداد میں لوگوں نے ان کے فوٹو شوٹ کی کھل کر حمایت کی ہے جب کہ ایسے افراد کی بھی کمی نہیں جنہوں نے رنویر سنگھ کا یہ اقدام ناپسند کیا ہو۔

برہنہ فوٹو شوٹ ہی کی بنیاد پر بھارت کے مختلف علاقوں میں رنویر سنگھ کے خلاف مقدمے درج کرائے گئے ہیں جن میں الزام لگایا گیا ہے کہ رنویر سنگھ نے ان کے جذبات مجروح کئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں