مسجد الحرام، ماہِ رمضان میں زمینی منزل اور صحن عمرہ زائرین کے لیے مختص ہوگا

سعودی عرب میں حرمین الشریفین انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ماہِ مقدس رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام کی زمینی منزل اور صحن عمرہ زائرین کے لیے مختص کر دیا گیا ہے۔

حرمین الشریفین انتظامیہ کے سربراہِ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے کہا ہے کہ ماہِ رمضان کے دوران مسجد الحرام کی زمینی منزل اور کعبۃ اللہ شریف کے اطراف واقع صحن عمرہ زائرین کے لیے مختص ہو گا۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے کہا ہے کہ ماہِ رمضان کے دوران عمرہ زائرین کی تعداد میں متوقع اضافے کے پیشِ نظر مطاف اور حرم شریف کی زمینی منزل عمرہ زائرین کے لیے مختص کی جارہی ہے۔

ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے کہا کہ مسجد الحرام میں زائرین کی گنجائش کو مدِ نظر رکھ کر فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ چاہتی ہے کہ رمضان المبارک میں عمرہ زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ وہ آرام و راحت اور سکون و اطمینان کے ساتھ کعبۃ اللہ شریف کا طواف، صفا و مروہ کی سعی اور طواف کی سُنتّیں کسی رکاوٹ کے بغیر ادا کر سکیں۔

حرمین الشریفین انتظامیہ کے سربراہِ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے کہا کہ انتظامیہ کی یہ کوشش بھی ہے کہ دیگر زائرین کو رمضان المبارک میں تراویح اور تہجد سمیت دیگر عبادتوں کی ادائیگی میں کسی طرح کی زحمت ہرگز نہ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں