مسجد نبویﷺ کی پرانی عمارت تمام زائرین کے لیے کھول دی گئی

مسجد نبویﷺ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد پر مسجد کی پرانی عمارت تمام زائرین کے لیے کھول دی گئی ہے۔

بیرون ممالک سے آنے والے تمام زائرین اور نمازیوں کے لیے بھی جمعہ سے پرانی عمارت کو کھول دیا گیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق انتظامیہ نے بیان میں کہا ہے کہ روضہ شریف (ریاض الجنۃ) میں نماز کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا اور توکلنا یا اعتمرنا ایپ کے ذریعے داخلہ ممکن ہوگا۔

مسجد نبویﷺ کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ زائرین کو ہر ممکن معیاری سہولتیں میسر ہوں گی۔ زائرین کے لیے مسجد نبویﷺ کے تمام صحن اور چھتیں کھول دی گئی ہیں تاکہ وہ سہولت اور آسانی سے نماز اور دیگر عبادات کر سکیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ظہر کے بعد سے تراویح کے بعد تک مرد زائرین کو مکمل گنجائش کے ساتھ روضہ میں جانے کی اجازت ہوگی۔ گیٹ نمبر 38 کے سامنے زائرین جمع ہوں گے جبکہ گیٹ نمبر 40 اور بابِ جبریلؑ سے نکلنے کا انتظام کیا گیا ہے۔

خواتین کے لیے صبح کا وقت زیارت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ ایک گروپ میں 450 زائر خواتین کو جانے کی اجازت ہوگی۔ زائر خواتین گیٹ نمبر 24 شمال اور گیٹ نمبر 37 مشرق و جنوب کے سامنے جمع ہوں گی۔

انتظامیہ نے زائرین سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ وقت کی پابندی کریں تاکہ استقبالیہ مقامات پر اژدھام سے بچا جا سکے۔ سب لوگ راہداریوں میں نماز پڑھنے سے گریز کریں اور اپنے ہمراہ سامان وغیرہ نہ لائیں۔

انتظامیہ نے کہا ہے کہ مسجد نبویﷺ کے دروازوں کے قریب معذور زائرین کے لیے بارہ مُصلّے مختص کیے گئے ہیں اور ویل چیئرز بھی موجود ہیں جبکہ گالف کارٹ سے آمد ورفت کی سہولت 24 گھنٹے مہیا ہوگی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ زائرین کے لیے صف بندی کی شروعات پہلی توسیع شدہ عمارت میں ہوگی، اس کے بھر جانے پر دوسری توسیع شدہ عمارت میں زائرین کو بھیجا جائے گا پھر چھت کھولی جائے گی اور آخر میں صحنوں میں موقع دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں