بھارت میں ایک کک باکسر میچ کے دوران مُکا لگنے سے رِنگ میں ہی ہلاک ہو گیا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ریاست کرناٹک کے شہر بنگلور میں پیش آیا جہاں کرناٹک کی ’کے 1ایسوسی ایشن ‘ کے زیراہتمام کک باکسنگ کے مقابلے کرائے جا رہے تھے۔
ہلاک ہونے والے باکسر کی شناخت نکھیل کے نام سے ہوئی ہے جو کرناٹک ہی کے شہر میسور کا رہائشی تھا اور ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے بنگلور گیا تھا۔
اس واقعے کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مخالف کھلاڑی کا مُکا لگنے سے نکھیل زمین پر گر کر بے سدھ ہو جاتا ہے۔
اس کے گرنے کے بعد چند لمحے تک ریفری اسے اٹھانے کی کوشش کرتا ہے اور جب صورتحال کی سنگینی کا احساس ہوتا ہے تو ایک خاتون سمیت دیگر کئی لوگ بھی رِنگ میں آ جاتے ہیں اور نکھیل کو اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں تاہم ناکام رہتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نکھیل کے والد اور اس کے کوچ نے اپنے بیٹے کی موت کا ذمہ دار اس مقابلے کے منتظمین کو ٹھہرایا ہے۔ نکھیل کے کوچ وکرم ناگ راج نے ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا ہے کہ مقابلے کی جگہ پر کوئی میڈیکل فیسیلٹی نہیں تھی۔ حتیٰ کہ کوئی ایمبولینس بھی نہیں تھی جو ایمرجنسی میں کھلاڑی کو فوری طور پر ہسپتال لیجاتی۔ اگر موقع پر تربیت یافتہ طبی عملہ موجود ہوتا تو نکھیل کی جان بچائی جا سکتی تھی۔