جیسن روئے دوسری مرتبہ آئی پی ایل سے دستبردار

انگلینڈ کے بلے باز جیسن روئے انڈین پریمیئرلیگ (آئی پی ایل )2022 سے دستبردار ہوگئے ۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق جیسن روئے نے گزشتہ ہفتے آئی پی ایل کی فرنچائز گجرات ٹائٹنز کو اس حوالے سے آگاہ کیا اور ٹورنامنٹ کے طویل مدتی بائیو سکیور ببل کو چیلنجنگ قرار دیا۔

گجرات ٹائٹنز نے جیسن روئے کو ان کی بنیادی قیمت 2 کروڑ بھارتی روپے یعنی266,000 امریکی ڈالر کے لیے سائن کیا تھا۔

گجرات ٹائٹنز نے ابھی تک جیسن روئے کی جگہ کسی متبادل کھلاڑی کا اعلان نہیں کیا ہے۔

31 سالہ جیسن روئےنے حال ہی میں پی ایس ایل 2022 میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور صرف 6 میچ کھیلنے کے باوجود وہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ بلے بازوں میں شامل تھے اور ساتھ ہی کوئٹہ کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی تھے۔

روئے نے 50.50 کی اوسط اور 170.22 کے اسٹرائیک ریٹ سے 303 رنز بنائے، دو نصف سنچریاں اور ایک سنچری اسکور کی۔

یہ دوسرا موقع ہے جب روئے نے نیلامی میں ٹیم ملنے کے بعد آئی پی ایل نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

2020 میں دہلی کیپٹلز نے روئے کو ان کی اس وقت کی بنیادی قیمت ڈیڑھ کروڑ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔

آئی پی ایل 26 مارچ سے شروع ہونا تھا اور 29 مئی تک جاری رہے گا جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو طویل وقت تک سخت بائیوسکیور ببل میں رہنا پڑے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں